عمران خان کے قتل کی سازش
چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان پر وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران فائرنگ کی گئی جس میں وہ زخمی ہوگئے۔ ایک حملہ آور موقع پر پکڑا گیا جس کا میڈیا پر بیان بھی آیا۔ عمران خان نے خود پر حملے کا ذمہ دار حکومت اور ایک فوجی افسر کو ٹہرایا۔ اس حملے کے بعد عمران خان زمان پارک میں محصور ہوگئے۔ اس دوران اس نے مختلف شخصیات پر اپنی قتل کی سازش کرنے کے الزامات لگائے۔
عمران خان پر قاتلانہ حملہ
وزیر آباد کے اللہ والا چوک میں 3 نومبر کی شام کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ ہوئی۔ عمران خان اس وقت ایک لانگ مارچ کی قیادت کر رہے تھے۔ اس حملے کی جو ویڈیو فوٹیجز آئی ہیں انہیں دیکھ کا اندازہ ہوتا ہے کہ فائرنگ کم از کم دو طرف سے کی گئی۔ ایک سامنے سے ایک اور نیچے سے نوید نامی شخص سے پستول سے گولیاں چلائیں۔ نوید کو موقع پر ہی پولیس نے لوگوں کی مدد سے گرفتار کر لیا۔
ملزم نوید احمد کی تھانہ کنجاہ گجرات کے اندر سے متعدد ویڈیوز منظر عام پر آئی جس میں وہ عمران خان پر حملے کا اقرار کر رہے تھے اور اس کی وجہ توہین مذہب قرار دے رہے تھے۔ ویڈیوز سامنے آنے پر پرویز الہی نے متعلقہ پولیس عملے کو معطل کر دیا اور ان کے موبائل فرانزک کی غرض سے ضبط کر لیے۔
اس حملے میں عمران خان سمیت 14 افراد زخمی ہوئے۔ جب کہ ایک شخص اپنی جان سے گیا۔ عمران خان کو بلٹ پروف گاڑی میں منتقل کیا گیا۔ لوگوں نے اس کی دائیں ٹانگ پر پٹی بندھی ہوئی دیکھی۔ عمران خان کو وزیر آباد سے لاہور لے جایا گیا جہاں شوکت خانم میں ان کا علاج کیا گیا۔ عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ ان کی ٹانگوں میں گولی کے ٹکڑے موجود ہیں اور ان کی دائیں ٹانگ کی نچلی ہڈی یعنی ٹبیا بون چٹخی ہوئی نظر آئی ہے یعنی ٹانگ کی نچلی ہڈی کا کنارا ٹوٹا ہے۔
عمران خان پر وزیر آباد میں ہونے والے حملے کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے سابق وزیر اعظم پر 3 مختلف اطراف سے گولیاں داغے جانے کا انکشاف کیا۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تحقیقات سے باخبر ایک عہدیدار نے بتایا کہ ’گرفتار ملزم نوید مہر کے علاوہ 3 نامعلوم حملہ آوروں نے نامعلوم ہتھیاروں سےگولیاں فائر کیں جوکہ کافی اونچائی سے چلائی گئی تھیں۔'
عمران خان کے الزامات
15 مئی کو عمران خان نے سیالکوٹ جلسے میں کہا کہ مجھے مارنے کی سازش ہورہی ہے اور میں نے ایک وڈیو پیغام ریکارڈ کروا رکھا ہے۔ مجھے کچھ ہوا تو وہ پیغام سامنے آجائیگا جس میں سازش کرنے والوں کے نام ہیں۔
13 ستمبر کو عمران خان کے خلاف ایک ٹویٹر ٹرینڈ چلا جس میں 65 ہزار ٹویٹس کی گئیں اور اس کو توہین مذہب کا مجرم قرار دیا گیا۔ اس ٹرینڈ کا آغاز مریم نواز کی ایک ٹویٹ سے ہوا جس میں اس عمران خان کے کچھ بیانات کو توہین مذہب قرار دیا گیا تھا۔ فواد چودھری نے کہا کہ توہین مذہب کا الزام لگا کر پی ٹی آئی چیئرمین کی جان کو خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔
24 ستمبر کو رحیم یار خان جلسے میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ "4 لوگوں نے بند کمرے میں مجھے مروانے کا فیصلہ کیا، وہ اب بھی اس سازش میں لگے ہیں، ان کی کوشش کے ہے کہ عمران خان پر کوئی بھی واردات ہو تو کہیں گے کہ مذہبی جنونی نے کردیا۔ یہ کہیں گے دینی انتہا پسند نے عمران خان کو مار دیا۔"
نومبر میں عمران خان نے وزیر آباد حملے کے حوالے سے کہا یہ حملہ ان پر شہباز شریف، رانا ثناءاللہ اور جنرل فیصل نصیر نے کروایا ہے۔
27 جنوری کو عمران خان نے کہا کہ ایک پلان سی بنا ہے۔ آصف زرداری اس کے پیچھے ہے۔ ایک دہشتگرد تنظیم کو اس نے پیسہ دیا ہے۔ مجھے کچھ ہوا تو قوم انکو نہ چھوڑے۔
19 مارچ کو عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد کورٹ میں پیشی کے دوران مجھے قتل کرنے کا پلان تھا۔ کچھ نامعلوم لوگ تھے شلوار قمیضوں میں۔ لیکن ایک ساتھی نے مجھے اشارہ کیا اور مجھے اللہ نے بچا لیا۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ عدالت میں حاضری کے وقت میں اپنی جان خطرے میں ڈالتا ہوں۔
22 مارچ کو عمران خان نے کہا کہ اب ایک اور پلان بننے لگا ہے۔ آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد نے ہینڈلرز کے ساتھ ملکر پلان بنایا ہے۔ انہوں زمان پارک کے باہر آج یا کل آپریشن کرنا ہے۔ جس میں ان کے اپنے لوگ پولیس والوں کو مارینگے۔ پھر یہ لوگ مرتضی بھٹو کی طرح مجھے ماردینگے۔
حکومت کا موقف
عمران خان کے الزامات کے جواب میں حکومت کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان اپنے الزامات کے حق میں ثبوت فراہم کرے۔ کیا وجہ ہے کہ عمران خان ریلیوں اور جلسوں میں تو فوراً پہنچ جاتے ہیں لیکن جب انہیں عدالت طلب کرتی ہے تو ان کی جان کو خطرہ ہوجاتا ہے؟
پی ٹی آئی مخالفین کے سوالات
فائنینشل ٹائمز سے پہلے عمران خان نے تین مختلف غیر ملکی نیوز چینلز کو انٹرویوز دئیے۔ تینوں میں اس سے یہ سوال ضرور کیا گیا کہ آپ نے جن پہ قاتلانہ حملے کا الزام لگایا ہے ان کے خلاف اپ کے پاس کوئی ثبوت بھی ہے؟
عمران خان نے تینوں جگہ یہی جواب دیا کہ انہوں نے مجھے حکومت سے نکالا تو میری مقبولیت بڑھ گئی جس کے بعد انہوں نے مجھے قتل کرنے کا فیصلہ کیا۔ لیکن جب سوال دہرایا گیا اور ثبوت پر اصرار کیا گیا تو عمران خان کہا میں اس حملے کی پیشن گوئی کر چکا تھا جب انہوں نے مجھ پر گستاخی کا الزام لگایا تو میں سمجھ گیا تھا کہ یہ مجھے قتل کرکے کہیں گے کسی مذہبی جنونی نے مار دیا۔ اس جواب پر جرمن صحافی نے کہا یہ شرلاک ہومز ٹائپ کی کہانی لگتی ہے۔ آپ یہ بتائیں کہ ان تینوں ملزموں کے خلاف اس الزام کے حق میں آپ عدالت میں کیا شواہد پیش کرینگے؟ تو عمران خان اس کا کوئی واضح جواب نہ دے سکا۔
کل سینیٹر اعجاز نے ایک ٹویٹ کی تھی کہ "میں نے کل احمد چھٹہ کو فون پر بتایا تھا کہ وزیرآباد میں خان پر قاتلانہ حملہ ہوگا۔ سو قاتلانہ حملہ ہوگیا۔ " پی ٹی آئی کے اس سینیٹر کو الہام ہوا تھا؟
اور اگر مختلف اداروں کی رپورٹس اور تھریٹ الرٹس کی وجہ سے حملے کا خطرہ تھا جیسا کہ عمران خان بھی کہتے ہیں کہ مجھے انفارمیشن تھی کہ حملہ ہوگا۔ تب مناسب حفاظتی انتظامات کیوں نہ کیے۔ پی ٹی آئی کے پاس دو صوبوں کے وسائل ہیں اور سیکیورٹی کی ذمہ داری پنجاب کی صوبائی حکومت کی تھی جو آپ کی اپنی ہے پھر یہ حالت کیوں تھی کہ کوئی پوڈری ٹائپ بندہ بھی پستول لے کر آپکو نشانہ بنا سکتا تھا؟
وہ جو مبینہ طور پر اے کے 47 سے فائرنگ ہوئی تھی وہ تو زیادہ دور سے نہیں ہوئی تھی وہ بندہ کیسے نکلنے میں کامیاب ہوا کہ جب کہ پولیس کی کوئیک رسپانس یونٹ کی گاڑیاں ساتھ تھیں؟
وہ جو ایک اور مبینہ حملہ آور پکڑا گیا تھا وہ کہاں گیا؟